Thursday, June 9, 2016

The Human Tragedy, But Who Cares

The Human Tragedy, But Who Cares   

مجیب خان








        کبھی یہ احساس ہوتا ہے کہ جیسے دنیا خود غرض، مفاد پرست ہوتی جا رہی ہے۔ انسانیت میں اس کی دلچسپی ختم ہوتی جا رہی ہے۔ جنگوں اور خانہ جنگیوں کو دیکھ کر اس سے منہ موڑنے لگی ہے۔ دہشت گردی کے خوفناک واقعات ہوتے ہیں۔ جس میں سینکڑوں بے گناہ لوگ مر جاتے ہیں۔ دو دن ان کا ذکر ہوتا ہے۔ اور تیسرے دن سب بھول جاتے ہیں۔ پچھلے سال بحرہ روم کے ساحل پر ایک شامی بچے کی لاش دنیا بھرنے دیکھی تھی۔ پھر اسے سب بھول گیے تھے۔ اس کے بعد دنیا نے ایسے 100 بچوں کی اور لاشیں بحرہ روم میں تیرتی دیکھی تھیں۔ گزشتہ ماہ بحرہ روم میں صرف 48 گھنٹوں میں شام اور لیبیا کے امیگرنٹ سے لدی کشتیاں الٹنے کے نتیجے میں 2 ہزار لوگ ڈوب گیے تھے۔ لیکن دنیا کا رد عمل جیسے یہ تھا کہ "ہم کیا کریں۔" ان کا سیاسی کاروبار معمول کے مطابق تھا۔ ان کے ضمیر میں احساس ندامت بھی نہیں تھی کہ یہ ان کی پالیسیوں اور فیصلوں کے نتائج ہیں کہ بے گناہ انسانوں کی لاشیں بحرہ روم میں ڈوبتی دیکھی جا رہی ہیں۔ آخر ان کا کیا قصور تھا؟ ان کے طیارہ بردار بحری بیڑے معاشی مفادات کا تحفظ کرنے دنیا کے سمندروں میں رہتے ہیں۔ لیکن وہ اپنے طیارہ بردار بحری بیڑے اس انسانیت کا تحفظ کرنے نہیں بھیج سکتے ہیں۔ حالانکہ بحرہ روم نیٹو کے حدود میں شامل ہے۔ لیکن نیٹو اس لئے اپنی ذمہ داری نہیں سمجھتا ہے کہ نیٹو نے لیبیا پر بمباری کی تھی اور انسانیت کے لئے یہ بحران پیدا کیا تھا۔ نیٹو ملکوں نے صرف چند گھنٹوں میں لیبیا پر دس ہزار بم گراۓ تھے۔ اور یہ بمباری نیٹو نے اس خدشہ سے کی تھی کہ قدافی کی فوجیں ٹریپولی میں انسانیت کا قتل عام کرنے کی تیاریاں کر رہی تھیں۔ اور نیٹو نے بمباری کر کے  انسانیت کو بچایا تھا۔ لیکن جس انسانیت کو نیٹو نے لیبیا پر بمباری کر کے بچایا تھا اس انسانیت کی لاشیں اب بحرہ روم میں تیر رہی ہیں۔
      19 مئ کو مصر ائرلائن کا طیارہ پیرس سے قاہرہ کے لئے پرواز کے دوران حادثہ کا شکار ہو گیا تھا۔ اور بحرہ روم میں گر کر تباہ ہو گیا تھا۔ طیارے کے 66 مسافر اور عملہ کے تمام اراکین ہلاک ہو گیے تھے۔ اس خبر پر امریکی میڈیا کا فوری رد عمل یہ تھا طیارے میں بم رکھا گیا تھا۔ طیارے میں دھماکہ خیز مواد تھا۔ جس سے طیارہ فضا میں ٹکڑے ہو  گیا تھا۔ کئی روز تک پنڈت اسی لائن پر باتیں کرتے رہے۔ لیکن پھر اصل حقائق سامنے آنے لگے کہ طیارہ میں تیکنیکل خرابی تھی۔ کاک پٹ سے دھواں آنے کی علامتیں بھی ملی تھیں۔ کسی دہشت گروپ نے طیارہ گرانے کی ذمہ داری قبول نہیں کی تھی۔
      بحرہ روم میں مصر ائرلائن کا طیارہ تباہ ہونے کے ایک ہفتہ بعد 26 مئ کو شام اور لیبیا کے امیگرنٹ کی کئی کشتیاں بحرہ روم میں الٹ گئی تھیں۔ جس میں تقریباً ایک ہزار سے زیادہ لوگ ڈوب گیے تھے۔ اور ان میں ایک بڑی تعداد عورتوں اور بچوں کی تھی۔ امریکی میڈیا میں اسے صرف خبر کی حد تک رکھا گیا تھا۔ اور اس سے زیادہ اس پر کوئی بات نہیں کی گئی تھی۔ سسسلی اٹلی میں "بچوں کو بچاؤ" Humanitarian Group کے ترجمان Giovanna Di Benedetto  کا کہنا تھا کہ “This week was a massacre”   جبکہ اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر براۓ مہاجرین کے ترجمان کا کہنا تھا کہ "یہ ہلاکتوں کی تعداد کے لئے ایک بہت زیادہ اور غیر معمولی ہفتہ تھا۔" ترجمان کا کہنا تھا کہ " مہاجرین بحران کو لیبیا میں انتشار اور شام میں تنازعہ سے اشتعال ملا ہے۔" صرف تین دن میں امیگرنٹ کی تین کشتیاں بحرہ روم میں ڈوب گئی تھیں۔ اسی ہفتہ میں کشتی ڈوبنے سے 100 لوگ ابھی تک لا پتہ تھے۔ اٹلی کی نیوی نے 135 امیگرنٹ کو بچایا تھا۔ اور 45 لاشیں بحرہ روم سے نکال لی تھیں۔ جبکہ اسی دوران 4100 امیگرنٹس کو بچایا گیا تھا۔جو لیبیا سے اٹلی جا رہے تھے۔ اس کے علاوہ 4000 مزید لوگوں کو اسی ہفتہ جمعرات کو بچایا گیا تھا۔ اسی روز 550 لوگ امیگرنٹس کی ایک دوسری کشتی ڈوبنے سے ہلاک ہو گیے تھے۔ پھر ایک تیسری کشتی بھی ڈوب گئی تھی۔ جس میں تقریباً 800 لوگ ہلاک ہو گیے تھے۔ اقوام متحدہ کی مہاجرین ایجنسی کا کہنا تھا کہ بحرہ روم کی تاریخ میں انسانی اموات کا یہ ایک انتہائی خوفناک ہفتہ تھا۔ جبکہ اس سال اپریل تک یہاں 1700 امیگرنٹس ڈوب گیے ہیں۔ اور پچھلے سال 3700 سے زیادہ مہاجرین اور امیگرنٹ بحرہ روم میں کشتیاں الٹنے سے ہلاک ہوۓ تھے۔
      ایک طرف شام اور لیبیا میں لوگ خانہ جنگی میں مر رہے ہیں۔ اور دوسری طرف خانہ جنگی کے خوف سے جو لوگ بھاگ رہے ہیں وہ بحرہ روم میں کشتیوں کے حادثوں میں ہلاک ہو رہے ہیں۔ یہ Humanitarian Crisis نیٹو نے پیدا کیا ہے۔ جس نے صرف اس شبہ میں لیبیا پر بمباری کی تھی کہ قدافی کی فوجیں ٹریپولی میں لوگوں کا قتل عام کرنے والی تھیں۔ حالانکہ ایسے کوئی ثبوت نہیں تھے۔ اور اب لیبیا سے بحرہ روم تک لوگوں کا جو قتل عام ہو رہا ہے اس کا ذمہ دار کون ہے؟ اس تمام صورت حال میں امریکہ کا رول انتہائی افسوسناک اور مایوس کن ہے۔ امریکہ مذہبی انتہا پسندی کے خلاف عالمی جنگ کا لیڈر ہے۔ لیکن عراق لیبیا اور شام میں جو حکومتیں اسلامی انتہا پسندی کے سخت خلاف تھیں۔ اور جنہوں نے اپنے ملکوں میں مذہبی انتہا پسندی کو سیاست سے علیحدہ رکھا تھا۔ امریکہ نے ان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے بجاۓ ان حکومتوں کے ساتھ تعاون کیا تھا جو مذہبی سیاست میں یقین رکھتی تھیں۔ اور ان ملکوں کے ساتھ امریکہ مذہبی انتہا پسندی کے خلاف لڑ رہا تھا۔ امریکہ کی یہ Genius پالیسی یہاں ختم نہیں ہوتی ہے۔ مصر میں کئی سو سال کی تاریخ میں پہلی بار ایک جمہوری حکومت کو مصر کے عوام نے منتخب کیا تھا۔ اور یہ اخوان المسلمون کی حکومت تھی۔ امریکہ اس حکومت کے ذریعے عرب دنیا میں مذہبی انتہا پسندی ختم کرنے کا کام لے سکتا تھا۔ اور یہ حکومت مذہبی انتہا پسندوں کو جمہوری عمل میں لا سکتی تھی۔ اور جمہوری عمل میں آنے کے بعد ان کی مذہبی انتہا پسندی کا Temperature بھی نیچے آ سکتا تھا۔ جیسے غازہ میں حماس اور لبنان میں حزب اللہ جو  مذہبی انتہا پسند نہیں ہیں۔ ان کی انتہا پسندی صرف اسرائیلی جا حا ریت تک محدود ہے۔ لیکن امریکہ کے اتحادیوں نے مصر میں جمہوریت کو ناکام بنا دیا تھا۔ مصر کی فوج نے اس حکومت کا تختہ الٹ دیا تھا کہ اخوان المسلمون کی حکومت میں اسلامسٹ گرجا گھروں کو آگ لگا رہے تھے۔ اور عیسائوں کو قتل کر رہے تھے۔ امریکہ اور نیٹو ملکوں نے اپنی جمہوری قدروں کی شکست تسلیم کر لی تھی۔ اور مصر میں فوجی راج قبول کر لیا تھا۔ حیرت کی بات یہ تھی کہ مصر میں فوجی ڈکٹیٹر کا راج قبول کرنے کے بعد امریکہ نے شام میں ڈکٹیٹر کا راج ختم کرنے میں اسلامی انتہا پسندوں کی حمایت شروع کر دی تھی۔ اور یہ اسلامی انتہا پسند اخوان المسلمون تھے۔ ان کے ساتھ وہابی اور سلافسٹ بھی شامل تھے۔ اور یہ شام میں عیسائوں کی مذہبی یاد گاریں تباہ کر رہے تھے۔ عیسائوں کو قتل کر رہے تھے۔ لیکن شام میں امریکہ ان دہشت گردوں کے ساتھ کھڑا تھا۔ اور اسد راج ختم کرنے میں ان کی مدد کر رہا تھا۔
      حالانکہ ہونا یہ چاہیے تھا کہ اگر امریکہ نے مصر میں مذہبی انتہا پسندی کی وجہ سے فوجی راج قبول کر لیا تھا۔ تو شام میں بھی بڑھتی ہوئی مذہبی انتہا پسندی دیکھ کر امریکہ کو پیچھے ہٹ جانا چاہیے تھا۔ اور ایک نئی پالیسی کے بارے میں غور کرنا چاہیے تھا۔ مصر میں فوجی حکومت کے اقتدار میں پانچ سال ہو گیے ہیں۔ اور شام میں حکومت کے خلاف ایک جنونی اپوزیشن کی خونی خانہ جنگی کے چھ سال ہو رہے ہیں۔ اوبامہ انتظامیہ چھ سال سے شام میں حکومت کے مخالفین کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔ اور ان کی انتہا پسندی اور دہشت گردی کی پشت پناہی کر رہی ہے۔ لیکن اوبامہ انتظامیہ نے مصر میں ایک منتخب جمہوری حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنا پسند نہیں کیا تھا۔ مصر میں جو اسلامسٹ اقتدار میں آۓ تھے۔ وہ شام میں حکومت کے مخالفین کے مقابلے میں زیادہ معقول موڈریٹ تھے۔ مصر میں اگر جمہوری حکومت ہوتی تو اب یہ حکومت نئے انتخابات کی تیاری کر رہی ہوتی۔ ایک جمہوری عمل اسلامسٹ کو مذہبی انتہا پسندی سے جمہوریت پسندی کے راستہ پر لانے میں مدد کرتا۔ ایک ایسے خطہ میں جہاں آمروں ڈکٹیٹروں اور بادشاہوں نے لوگوں کے ذہنوں کو انتہا پسند بنا دیا ہے۔ وہاں ہتھیاروں اور خونی خانہ جنگی سے لوگوں کے ذہنوں کو جمہوری نہیں بنایا جا سکتا ہے۔
      صدر اوبامہ کے اقتدار کے اب چند ماہ رہے گیے ہیں۔ لیکن صدر اوبامہ مصر کو جمہوریت دینے میں کامیاب ہوۓ ہیں اور نہ ہی شام میں نام نہاد اسلامی ماڈریٹ کو کامیاب کرا سکے  ہیں۔ اب یہ یقین ہو جاتا ہے کہ تباہی پھیلانا سب سے آسان مشن ہوتا ہے۔        






Sunday, June 5, 2016

The Casualties Of The War On Terror Are The Middle Class And Labor Unions

The Casualties Of The War On Terror Are The Middle Class And Labor Unions

مجیب خان

Protests erupt across France over labor laws

Unrest throughout France

Protests across America over the high levels of poverty

Unrest throughout America
   
          دہشت گردی کی جنگ کے در پردہ جو سیاسی ڈرامہ تھا۔ دنیا کی توجہ اس طرف سے ہٹا دی گئی تھی۔ سات دن اور چوبیس گھنٹے امریکہ میں کارپوریٹ میڈیا صرف دہشت گردی کی جنگ کا اتنا زیادہ پراپگنڈہ کرتا تھا کہ لوگوں کو سوچنے اور سمجھنے کا موقعہ نہیں دیا جاتا تھا کہ آخر یہ جنگ کیا تھی ۔ لوگوں کی توجہ صرف بن لادن اور اس کے دہشت گردوں پر مرکوز رکھی جاتی تھی۔ اور صدر امریکہ کے ذریعے انہیں یہ بتایا جاتا تھا کہ یہ بہت خطرناک تھے جو انہیں تباہ کرنا چاہتے تھے۔ یہ دہشت گرد ہماری خوشحالی اور ترقی سے نفرت کرتے تھے۔ بش اور چینی کے یہ بیانات دنیا کو یاد ہوں گے۔ دنیا کو وہ بتا رہے تھے۔ لیکن دہشت گردی کی جنگ کے در پردہ سیاست کچھ ہو رہی تھی۔ اس کی ایک جھلک ایڈ ورڈ سنوڈن جو سی آئی آے کا ملازم تھا۔ اس نے جو دستاویز دنیا کے سامنے پیش کی ہیں۔ ان میں نظر آتا ہے کہ دہشت گردی کی جنگ کی سیاست کے پیچھے کیا ہو رہا تھا۔ القاعدہ اور بن لادن کے خلاف جنگ ہو رہی تھی- لیکن جرمن چانسلر انجلا مرکل کے فون ٹیپ ہو رہے تھے۔ اور ان کے آفس میں جاسوسی ہو رہی تھی۔ براز یل  کی صدر کے فون بھی ٹیپ ہو رہے تھے۔ بعض دوسری حکومتوں کی بھی جاسوسی ہو رہی تھی۔ دلچسپ بات یہ تھی کہ جن حکومتوں کی جاسوسی ہو رہی تھی وہ دہشت گردی کی جنگ میں امریکہ کے ساتھ تھیں۔
      دنیا کو یہ بھی یاد ہو گا کہ صدر بش اور نائب صدر چینی یہ کہتے تھے کہ دہشت گرد ہماری ترقی اور خوشحالی سے نفرت کرتے ہیں اور وہ ہمیں تباہ کرنا چاہتے ہیں۔ لیکن پھر یہ بش چینی انتظامیہ تھی جس کے آٹھ سال دور اقتدار میں مڈل کلاس تباہ ہو گئی تھی۔ اس طبقہ کی خوشحالی ختم ہو گئی تھی۔ 40 ملین امریکی غربت کی لکیر سے نیچے آ گیے تھے۔ دولت سمٹ کر ایک  فیصد دولت مند طبقہ کے کنٹرول میں آ گئی تھی۔ لیکن بش چینی انتظامیہ کا کہنا یہ تھا وہ ہماری خوشحالی اور ترقی سے نفرت کرتے تھے۔ یہ ملٹی نیشنل کمپنیاں اور کارپوریشن تھیں جو لوگوں کو خوشحالی سے محروم کر رہی تھیں۔ اور امریکہ دہشت گردی کی جنگ کی آڑ میں ان کی مدد کر رہا تھا۔
      نائن ایلون نے دنیا بدل دی تھی لیکن کس کے لئے بدل دی تھی؟ سرد جنگ کے دوران کمیونزم کے خوف سے امریکہ اور مغربی ملکوں نے عوام کو بہت زیادہ جمہوری آزادی دے دی تھی۔ نائن ایلون کے بعد وہ اب واپس لی جا رہی تھیں۔ پیٹریاٹک  ایکٹ اور ایک درجن سے زیادہ  نئے خفیہ اداروں کا قیام نائن ایلون کی دہشت گردی کی آڑ میں وجود میں لاۓ گیے تھے۔ لوگوں کو اسامہ بن لادن کے وڈیو بریکنگ نیوز میں دکھاۓ جاتے تھے۔ کارپوریٹ پنڈت پھر سارا دن ان وڈیو پر تبصرے کرتے تھے۔ اور لوگوں کو خوفزدہ کرتے تھے۔ بش انتظامیہ نے پھر لوگوں سے یہ کہنا شروع کر دیا کہ انہیں سیکورٹی کے لئے کچھ حقوق دینا ہوں گے۔ نائن ایلون کے بعد پیٹریاٹک ایکٹ کانگرس نے منظور کر لیا تھا۔ جیسے یہ ایکٹ پہلے سے تیار تھا۔ اس ایکٹ کے بعد کمپنیوں اور کارپوریشن نے لوگوں کو بیروز گار کرنا شروع کر دیا تھا۔ ورلڈ ٹریڈ سینٹر کے ملبے سے لوگوں کو نکالنے کا کام ابھی جاری تھا۔ اور دوسری طرف کمپنیاں لوگوں کو بیروزگار کر رہی تھیں۔ لیکن ان کمپنیوں کے چیرمین اور چیف ایگزیکٹو اپنی ملین میں تنخواہوں اور مراعات میں کمی کر کے لوگوں کی ملازمتیں برقرار رکھنے کے لئے تیار نہیں تھے۔ اس عرصہ میں لاکھوں لوگ بیروز گار ہو گیے تھے۔ روز گار کے دروازے  بند ہو تے جا رہے تھے۔ سرد جنگ کے دور میں کمیونسٹ ملکوں میں ور کروں اور مزدوروں کو جو حقوق اور مراعات حاصل تھیں اس کے مقابلے میں سرمایہ دارانہ مغربی ملکوں کو بھی اپنے ورکروں اور مزدوروں کو ایسے ہی حقوق اور مراعات دینا پڑی تھیں۔ بلکہ مغربی یورپی ملکوں نے کچھ زیادہ حقوق دے دئیے تھے۔ مغربی یورپی ملکوں میں لیبر یونین بھی خاصا مضبوط رول ادا کرتی تھیں۔ مغربی ملکوں میں ورکروں اور مزدوروں کی اجرتیں بھی بہت زیادہ تھیں۔ انہیں بھاری Bonuses  بھی دئیے جاتے تھے۔ لیبر یونین کی وجہ سے کمپنیاں فیکٹر یاں  اور کارپوریشن لوگوں کو بیروز گار بھی نہیں کر سکتی تھیں۔ یورپ میں ہفتہ میں 35 گھنٹے کام ہوتا تھا۔ جبکہ امریکہ میں ہفتہ میں 40 گھنٹے کام ہوتا تھا۔ اس کے علاوہ Paid Vacations جو امریکہ میں تین ہفتے اور یورپ میں ایک ماہ تھیں۔ مغرب میں ورکروں اور مزدوروں کو یہ مراعات اور سہولتیں صرف کمیونزم کے خوف سے دی گئی تھیں۔ اور یہ سوویت یونین کا کمیونزم تھا جو مغرب میں ورکروں اور لیبر کے لئے یہ خشحالی لایا تھا۔ تاہم چین کمیونسٹ ملک تھا۔ لیکن اس کا کمیونزم سرمایہ دارانہ تھا۔ اور مغربی کمپنیاں چین کے کمیونزم سے خاصی متاثر ہوئی تھیں۔ اس کے ور کر اور لیبر بہت محنتی تھے۔ جو ہفتہ میں 50 اور 60 گھنٹے کام کرتے تھے۔ اور سہولتوں اور مراعات کے لئے مطالبے بھی نہیں کرتے تھے۔ یہاں ورکر اور لیبر یونین کمیونسٹ پارٹی کے ماتحت تھیں۔
      امریکہ میں کمپنیوں اور کار پوریشن کے سامنے یہ سوال تھا کہ کس طرح امریکہ کی مہنگی لیبر کو چین کی سستی لیبر کے معیار پر لایا جاۓ؟ نائن ایلون سے پہلے بڑی تعداد میں کمپنیاں چین اور بعض دوسرے ملکوں میں چلی گئی تھیں۔ لیکن جو کمپنیاں امریکہ میں تھیں انہوں نے نائن ایلون کے بعد ایک بہت بڑی تعداد میں لوگوں کو بیروز گار کر دیا تھا۔ اور نئی بھرتیوں کے لئے کمپنیوں نے اپنے دروازے بند کر دئیے تھے۔ کئی سال تک لوگ بیروز گار بیٹھے رہے۔ جو ساٹھ اور ستر ہزار سالانہ کی Jobs کرتے تھے وہ بیس پچیس ہزار کی Job کرنے پر مجبور ہو گیے تھے۔ یاد ہے بش چینی نے کیا کہا تھا کہ دہشت گرد ہماری ترقی اور خوشحالی سے نفرت کرتے ہیں۔ اور وہ اسے تباہ کرنا چاہتے ہیں۔ لیکن سامنے یہ آیا کہ یہ بش چینی انتظامیہ تھی جس نے مڈل کلاس تباہ کر دی تھی۔ ساری دولت امریکہ کے ایک فیصد دولت مندوں کے ہاتھوں میں آ گئی تھی۔ مڈل کلاس غریب ہو گئی تھی۔ اور غریب غریب تر ہو گیے تھے۔ بش چینی انتظامیہ کے آٹھ سال میں دہشت گردی کی جنگ کو آ گے کر کے اس کے پیچھے امریکہ کو اس طرح بدل دیا تھا۔
      کمپنیوں اور کارپوریشن نے کئی سال تک لوگوں کو بیروز گار رکھا تھا۔ اور پھر انہیں اتنا مجبور کر دیا تھا کہ وہ کم سے کم اجرت پر کام کرنے کے لئے تیار ہو گیے تھے۔ جن کی پہلے  100,000 سالانہ تنخواہ تھی وہ اب 75,000 سالانہ تنخواہ پر کام کر رہے تھے۔ اور جو پہلے 75,000 سالانہ تنخواہ لیتے تھے وہ اب 50,000 سالانہ تنخواہ پر کام کر رہے تھے۔ لیبر یونین آج اتنی طاقتور نہیں ہیں کہ جیسے پہلے ان کا ایک طاقتور رول  تھا۔ سوویت یونین میں کمیونزم نظام سے خوفزدہ ہو کر مغربی ملکوں اور امریکہ نے اپنے ورکروں اور لیبر کو جو بہت زیادہ حقوق اور سہولتیں دی تھیں۔ وہ رفتہ رفتہ اب واپس لی جا رہی تھیں اور اس کی جگہ کمیونسٹ چین کے طرز پر لیبر قوانین اور اجرتوں کا نظام  اختیار کرنے کو اہمیت دی جا رہی ہے۔
      برطانیہ میں وزیر اعظم ٹونی بلیر کی حکومت میں لندن ٹرین اسٹیشن کا دہشت گردی کا ایک واقعہ ہوا تھا۔ جس کے بعد وزیر اعظم بلیر نے بھی امریکہ کی طرح برطانیہ میں بھی ایک پٹیریاٹ ایکٹ  نافذ کر دیا تھا۔ لوگوں کے سیاسی  حقوق میں تخفیف ہو گئی تھی۔ اور پھر کنز ویٹو پارٹی کے وزیر اعظم ڈیوڈ  کمیرن نے اقتدار میں آنے کے بعد اقتصادی اصلاحات کے نام پر لیبر اصلاحات کی تھیں۔ اور لیبر کی مراعات اور سہولتیں ختم کر دی تھیں۔ برطانیہ کے لوگوں نے ان اصلاحات کے خلاف شدید احتجاج کیا تھا۔ لیکن وزیر اعظم کمیرن نے سختی کے ساتھ ان اصلاحات کو رائج کرنے کا فیصلہ کر لیا تھا۔ اور لوگوں کی مخالفت کے باوجود اسے نافذ کیا تھا۔
      فرانس میں گزشتہ سال نومبر میں دہشت گردی کا واقعہ ہوا تھا۔ جس میں 20 لوگ مارے گیے تھے۔ پھر اس سال فروری میں دہشت گردی کا دوسرا بڑا واقعہ ہوا تھا جس میں 130 لوگ مارے گیے تھے۔ دہشت گردی کے ان واقعات سے لوگوں میں خاصا خوف پھیل گیا تھا۔ امریکہ میں 911 کے بعد شہری آزادیوں اور سیکورٹی میں توازن کا جھکاؤ سیکورٹی کی طرف ہو گیا تھا۔ لیکن فرانس پہلا یورپی ملک تھا جس نے دہشت گردی کے مسئلہ پر ہنگامی حالات کے نفاذ کا اعلان کیا تھا۔ صدر  Francois Hollande نے کہا کہ ملک حالت جنگ میں ہے۔ اور آپریشن Sentinelle کے تحت فرانس کی سڑکوں پر دس ہزار فوج لگائی گئی تھی۔ اور وزیر داخلہ نے اس میں 1600 فوجیوں کا اور اضافہ کر دیا تھا۔ فرانس میں ہنگامی حالات کے دوران حکومت نے لیبر قوانین میں اصلاحات کا بل پارلیمنٹ سے منظور کرنے کے لئے پیش کیا ہے۔ بل میں تجویز کیا گیا ہے کہ کمپنیاں یونین سے اہم امور جیسے کام کی شرائط اور تنخواہوں پر مذاکرات کر سکیں گی۔ جبکہ موجودہ قانون میں ان کے ہاتھ بندے ہوۓ تھے۔ حکومت نے لیبر کو یقین  دلایا ہے کہ  جو اصلاحات تجویز کی گئی ہیں ان سے ہفتے میں 35 گھنٹے کام کے اوقات تبدیل نہیں ہوں گے۔ فرانس میں اس وقت 3.5 ملین لوگ بیروزگار ہیں۔
     ایک ماہ سے فرانس ہڑتالوں کی زد میں ہے۔ ہزاروں ورکرز اور لیبر حکومت کی لیبر اصلاحات کے خلاف فرانس کے مختلف شہروں میں ہڑتالیں کر رہے ہیں۔ جس کی وجہ سے فرانس کی صنعتی اور معاشی زندگی بالکل مفلوج ہو گئی ہے۔ فرانس، جرمنی، اٹلی اور بعض دوسرے یورپی ملکوں میں لیبر یونین اب بھی بڑی طاقتور ہیں۔ اور ان کا رول انتہائی با اثر ہے۔ ان ملکوں میں سوشل ڈیمو کریٹک بڑی سیاسی پارٹیاں ہیں۔ جنہیں انتخابات جیتنے کے لئے لیبر اور ورکر کی حمایت حاصل ہوتی ہے۔ اس لئے فرانس کی لیبر اصلاحات میں لیبر یونین کے مطالبات کو بھی اہمیت دی گئی ہے۔ اور کمپنیوں اور لیبر کے درمیان تعلقات میں توازن رکھنے کی کوشش کی گئی ہے۔ جبکہ امریکہ اور برطانیہ میں اس کے بالکل برعکس اقدامات کیے گیے ہیں۔ اور کمپنیوں اور کارپوریشنوں کے مفاد کو اہمیت دی گئی ہے۔ لیبر یونین تقریباً Crush کر دی گئی ہیں۔ یہ امریکہ کے پہلے انتخابات ہیں جس میں لیبر یونین کا کوئی رول نہیں دیکھا جا رہا ہے۔
      نائن ایلون کے بعد دہشت گردی کے خلاف جنگ کے یہ نتائج ہیں کہ امریکہ میں مڈل کلاس ختم ہو گئی ہے۔ غریب اور زیادہ غریب ہو گیے ہیں۔ اور کمپنیوں اور کارپوریشنوں نے اس عرصہ میں 1.3 Trillion بناۓ تھے۔ جو انہوں نے امریکہ سے باہر ر کھے ہیں۔ دنیا کی دولت سمٹ کر چند ہاتھوں میں آ گئی ہے۔ اسامہ بن لادن اور القاعدہ کی دہشت گردی نے دنیا کو واقعی ہمیشہ کے لئے بدل دیا ہے؟                                  

Tuesday, May 31, 2016

Time Off From Afghanistan

Time Off From Afghanistan    

The Last 36 Years Pakistan Has Been Involved In Afghanistan, What Has Pakistan Got? Hand Over Afghanistan To India

مجیب خان


        بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی اب امریکہ کی ڈارلنگ بن گیے ہیں۔ بش انتظامیہ میں پاکستان کے صدر جنرل پرویز مشرف کو امریکہ کی ڈارلنگ کہا جاتا تھا۔ یہ صرف سامراجی طاقتوں کے نظام میں ہوتا ہے۔ جو اپنی ضرورت کے مطابق ڈارلنگ بنا لیتی ہیں۔ اور اپنی ضرورتوں کے مطابق انہیں پھر Maid بنا دیتی ہیں۔ صدر جنرل مشرف نے افغانستان میں طالبان کے خلاف 180 ڈگری سے کیونکہ یو ٹرن لیا تھا۔ اس لئے وہ ڈارلنگ بن گیے تھے۔ پھر بش انتظامیہ نے یو ٹرن لے لیا تھا۔ اور بھارت کے ساتھ امریکہ کے اسٹرٹیجک تعلقات قائم ہو گیے تھے۔ امریکہ نے بھارت کو پاکستان کا دوست بنانے کے بجاۓ بھارت نے امریکہ کو پاکستان کے خلاف استعمال کرنا شروع کر دیا تھا۔ اور امریکہ اور بھارت کے یہ اسٹرٹیجک تعلقات پاکستان کو ٹارگٹ کر رہے تھے۔ افغانستان میں امریکہ اور نیٹو فوجوں کو ویت نام سے زیادہ شرمناک شکست کی وجہ امریکہ اور بھارت اسٹرٹیجک تعلقات تھے۔ بھارت افغانستان میں اپنا سیاسی کھیل کھیل رہا تھا۔ امریکہ اور نیٹو کے لئے یہ کتنا باعث ندامت ہے کہ انہیں دنیا کے انتہائی غریب ملک میں جو 20 سال سے خانہ جنگی میں بالکل تباہ ہو چکا تھا۔ اور اس کے پاس کچھ بھی نہیں تھا۔ ایک ایسے ملک میں انہیں شکست ہوئی تھی۔ بھارت کا افغانستان میں مفاد صرف یہ تھا کہ پاکستان کو افغانستان کے حالات میں پھنسا کر اسے اچھی طرح رگڑا جاۓ۔ اور بھارت نے اس مقصد میں امریکہ کے ساتھ اپنے اسٹرٹیجک تعلقات کا بھر پور Exploit کیا تھا۔ کوئی یہ تسلیم کرے یا نہیں لیکن یہ حقیقت ہے۔
      افغان جنگ کے دوران امریکہ بھارت اسٹرٹیجک تعلقات پاکستان کی فوج اور آئی ایس آئی کو ٹارگٹ بنا رہے تھے۔ ان کے خلاف ایک باقاعدہ پراپگنڈہ مہم چلائی جا رہی تھی۔ اس طرح القاعدہ اور طالبان کو فوج اور آئی ایس آئی پر حملہ کرنے کی شہ مل رہی تھی۔ اور فوج اور آئی ایس آئی پر القاعدہ اور طالبان کے حملہ شروع ہو گیے تھے۔ اور بھارت کے لئے یہ اصل کامیابی تھی۔  جس سے تاثر یہ تھا کہ امریکہ نے پاکستان کو طالبان کے خلاف جنگ میں اتحادی بنایا تھا۔ اور بھارت پاکستان کے خلاف اتحادی تھا۔ یہ امریکہ کی اپنی پالیسی تھی جس نے نیٹو کو افغانستان میں ناکام بنایا تھا۔ اور طالبان نے اس کا کریڈٹ لیا ہے۔ بش کی قومی سلامتی ٹیم نے نامعلوم کیا سوچ کر بھارت کو افغانستان میں پاکستان کے مدمقابل کھڑا کر دیا تھا۔ حالانکہ انہیں دونوں ملکوں کے کشیدہ اور حقارت کے تعلقات کا علم تھا۔ اس جنگ میں یہ امریکہ کا ایک بہت بڑا Blunder تھا۔ جو افغانستان میں امریکہ کی شکست کا سبب بنا تھا۔ امریکہ بھارت اسٹرٹیجک تعلقات پر کسی کو اعتراض نہیں تھا۔ لیکن امریکہ کو ان تعلقات کو پاکستان اور افغانستان کی سرحدوں سے دور رکھنا چاہیے تھا۔ تاکہ افغان جنگ کو کامیاب بنایا جاۓ۔ اور جب افغانستان میں مکمل امن اور استحکام بحال ہو جاتا اس وقت بھارت افغانستان کے ساتھ معمول کے تعلقات فروغ دے سکتا تھا۔ بش انتظامیہ افغان جنگ کو زیادہ اہمیت بھی نہیں دے رہی تھی۔ اس لئے ایک نامکمل جنگ کو چھوڑ کربش انتظامیہ عراق چلی گئی تھی۔ اور جب یہ واپس افغانستان آئی تھی تو بھارت کے ساتھ اس کا Joint Strategic Venture  شروع ہو گیا تھا۔ نائن ایلون  کے بعد بش انتظامیہ نے پاکستان کے ساتھ نئے تعلقات کے سلسلے میں بڑے بلند وعدہ کیے تھے۔ صدر جنرل مشرف کو یہ یقین دلایا گیا تھا کہ پاکستان کے ساتھ نئے تعلقات پرانے تعلقات نہیں ہوں گے۔ اور پھر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کو ایک قریبی اتحادی بنایا تھا۔ پاکستان کو نیٹو رکن ملک کا درجہ دیا تھا۔
      پھر یہ وعدے اور یقین دہانیاں کہاں چلی گئی تھیں۔ اتحادی بنا کر پاکستان کی تذلیل کی جا رہی تھی۔ اس کی خود مختاری اور اقتدار اعلی پر حملہ کیے جا رہے تھے۔ یہ بھارت کو بڑا دکھانے اور پاکستان کو نچا دکھانے کی گھٹیا پالیسیاں تھیں۔ اوبامہ انتظامیہ کا کہنا یہ ہے کہ پاکستان طالبان کو مذاکرات پر آمادہ نہیں کر رہا ہے۔ جب پاکستان نے طالبان کو مذاکرات کے لئے آمادہ کر لیا تھا۔ اس وقت بش انتظامیہ کا کہنا یہ تھا کہ طالبان سے کوئی مذاکرات نہیں ہوں اور ان کا خاتمہ کیا جاۓ گا۔ امریکہ کی یہ پالیسی اتحادیوں کو Mental بنا رہی تھی۔ کسی کی سمجھ میں نہیں آ رہا تھا کہ آخر امریکہ افغانستان میں کیا چاہتا تھا۔ 13 سال میں امریکہ نے جتنے طالبان مارے تھے۔ اتنے ہی طالبان اور پیدا کر دئیے تھے۔ اس کا فوجی حل نہیں تھا۔ اس کا سیاسی حل نہیں تھا۔ پھر اس کا ایک ہی حل تھا کہ طالبان کے بھاری اکثریت کے صوبوں کو ہیروشما بنا دیا جاتا۔ جاپان کی طرح افغانستان میں بھی امن آ جاتا۔
      صدر جنرل پرویز مشرف نے 2005 میں افغان مہاجرین کو واپس افغانستان بھیجنے کا فیصلہ کیا تھا۔ لیکن پھر صدر کرزئی نے صدر بش سے کہا کہ افغانستان معاشی طور پر ابھی اتنا مستحکم نہیں ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں افغانوں کو بسا سکے گا اور انہیں روز گار فراہم کر سکے گا۔ لہذا پاکستان ابھی ان افغانوں کو اپنے ملک میں رہنے دے۔ جنرل مشرف کیونکہ امریکہ کی ڈارلنگ تھے۔ صدر بش کی درخواست پر انہوں نے یہ فیصلہ بدل دیا تھا۔ پھر 2006 سے امریکہ اور کرزئی حکومت پاکستان کو یہ الزام دینے لگے کہ پاکستان نے طالبان کو پناہ دی ہے۔ اور یہ طالبان پاکستان سے افغانستان کے اندر دہشت گردی کرنے آتے ہیں۔ پاکستان میں اگر نتھن یاہو جیسا لیڈر ہوتا وہ امریکہ سے واپس آ کر افغان مہاجرین کے پاکستان سے انخلا کے احکامات دے دیتا۔ صدر بش اور صدر کرزئی کو چیخ پکار کرنے دیتا۔ انہیں یہ بتا دیا جاتا کہ پاکستان کا یہ فیصلہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کا حصہ ہے۔ اور اس سے افغانستان میں دہشت گردی ختم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ افغانستان میں امریکہ اور نیٹو فوجیں تھیں اور وہ پاکستان سے آنے والے افغانوں کو بسانے کی صلاحیت رکھتی تھیں۔ حکومت کے یہ فیصلہ پاکستان کی سلامتی پر ڈرون حملوں کو روکنے کے تھے۔ لیکن مسئلہ یہ تھا کہ کوئی امریکہ کی ڈارلنگ بنا ہوا تھا اور کوئی کلمہ گو افغانوں کے عشق میں مبتلا تھا۔ پاکستان کے حکمران اور دفتر خارجہ کے حکام میں Bold فیصلہ کرنے کی مردانگی نہیں تھی۔
      امریکہ کے پاس پاکستان کو ذلیل اور خوار کرنے کے لئے ایف 16 طیارے اور مالی امداد جیسے دو پتہ ہیں۔ 90 کے عشرے میں سرد جنگ ختم ہونے کے بعد جب امریکہ کو پاکستان کی ضرورت نہیں تھی۔ تو پھر سینیٹر Larry Pressler ایکٹ سینٹ نے منظور کیا تھا۔ جس کے تحت پاکستان کو ایف 16 طیاروں کی فراہمی روک دی تھی۔ حالانکہ پاکستان نے 600 ملین ڈالر ادا کر دئیے تھے۔ اور پاکستان کی مالی امداد بھی بند کر دی تھی۔ اور اب پھر سینٹ نے پاکستان کی 300 ملین ڈالر دہشت گردی کے خلاف جنگ کے اخراجات کی رقم روک لی ہے۔ اور امریکہ کی امداد سے ایف 16 طیارے خریدنے کو بھی بلاک کر دیا ہے۔ جبکہ ایوان نمائندگان نے پاکستان کی 450 ملین ڈالر امداد بلاک کر دی ہے۔ پاکستان آخر کب تک ان Tortures کا سامنا کرتا رہے گا؟ فرض کیا جاۓ کہ افغانستان میں اگر امریکہ کو کامیابی ہو جاتی۔ طالبان حکومت کا حصہ بن جاتے۔ اور افغانستان میں امن اور استحکام بھی آ جاتا تب بھی پاکستان کے ساتھ برتاؤ مختلف نہیں ہوتا۔ امریکہ بھارت اور افغانستان ایک ہوتے۔ اور پاکستان کو افغانستان سے دور رکھا جاتا۔ ہر صورت میں پاکستان کی اہمیت گرانا مقصد ہے۔
      وزیر اعظم نریندر مودی گزشتہ ماہ سعودی عرب کے دورے پر گیے تھے۔ سعودی شاہ نے ان کی بڑی آؤ بھگت کی تھی۔ بھارت کے ساتھ اقتصادی اور سرمایہ کاری کے کئی بڑے معاہدے ہوۓ تھے۔ سعودی عرب نے 60 بلین ڈالر بھارت میں انویسٹ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ جس میں بھارت میں انفراسٹیکچر کی تعمیر بھی شامل تھا۔  اور اب ایک ماہ بعد وزیر اعظم نریندر مودی ایران کے دورے پر آۓ تھے۔ اور ایران میں مودی نے سعود یوں کے انویسٹمینٹ میں سے 500 ملین ڈالر سے چابہار بندر گاہ تعمیر کرنے کا معاہدہ کیا ہے۔ اور چابہار سے زاہدان تک ریلوے لائن بچھانے کا معاہدہ بھی ہوا ہے۔ اس کے علاوہ بھی بھارت نے ایران کے ساتھ دوسرے شعبوں میں بھی بارہ معاہدے کیے ہیں۔ اب یہ دیکھ کر سعودی اور اسرائیلی ایک دوسرے  کا سر کھجا رہے ہوں گے۔ سعودی جی سی سی ملک اور اسرائیل ایران کو اقتصادی طاقت بن کر ابھرنے سے روک رہے ہیں۔ لیکن کیونکہ امریکہ کا اشارہ تھا۔ اس لئے سعودی بھی خاموش ہیں۔ امریکی میڈیا میں بھی بلیک آؤٹ ہے۔ اگر بھارت کی جگہ پاکستان ہوتا تو امریکی میڈیا میں سرخیاں لگ رہی ہوتیں کہ سعود یوں کے پیسوں سے پاکستان یہ بندر گاہ تعمیر کر رہا ہے۔ جیسے ایٹمی دھماکوں پر کہا گیا تھا کہ پاکستان نے مغربی ٹیکنالوجی چوری کی تھی۔ اور یہ اٹم بم بناۓ تھے۔ پھر یہ کہا گیا کہ چین نے پاکستان کو یہ ٹیکنالوجی دی تھی۔ اس وقت بھی پاکستان کی تذلیل کرنا تھا۔
      جس طرح انسان اپنی بیماری کے علاج اور زندہ رہنے کے لئے ڈاکٹر کی انتہائی کڑوی گولیاں نگلتا ہے۔ اسی طرح اب پاکستان کے اداروں اور حکمرانوں کو پاکستان کے وقار اور بقا کے لئے انتہائی کڑوے فیصلے کرنا ہوں گے۔ اس سے قبل کے امریکہ کا دوسرا ڈرون پاکستان میں گرے۔ پاکستان کو فوری طور پر افغانستان کے امور سے قطع تعلق ہونے کا اعلان کرنا چاہیے۔  طالبان کو امن کی میز پر لانے کی فراڈ سیاست سے علیحدگی اختیار کرنے کا اعلان کرنا چاہیے۔ افغانستان کے ساتھ تعلقات Freeze کر دینا چاہیے۔ طالبان اور افغان مہاجرین کو پاکستان سے فوری طور پر نکال دیا جاۓ۔ جیسا کہ بلوچستان کے وزیر داخلہ نے کہا ہے بالکل اسی لہجہ میں بات کی جاۓ۔ اور افغانستان کو بھارت کے حوالے کر دیا جاۓ۔ بھارت ایران میں چابہار بندر گاہ تعمیر کر رہا ہے۔ جہاں سے وہ افغانستان اور وسعت ایشیا میں اپنے لئے تجارتی منڈیاں دیکھ رہا ہے۔ لیکن اس کے لئے  بھارت کو افغانستان میں امن اور استحکام چاہیے۔ لہذا وہ خود افغانستان کے ساتھ مل کر امن اور استحکام بھی لاۓ گا۔ پاکستان اب بھارت کے لئے افغانستان میں کیوں ذلیل و خوار ہو۔
      جہاں تک افغانستان میں بھارت کا انفلوئنس بڑھ جانے کا سوال ہے پاکستان کو اس کی بالکل فکر نہیں کرنا چاہیے۔ پاکستان میں جب 46 بلین ڈالر کا چین کا انویسٹمینٹ ہو گا تو چین اس کا تحفظ کرنا بھی جانتا ہے۔ خلیج میں امریکہ کا اتنا بڑا انویسٹمینٹ بھی نہیں تھا۔ لیکن خلیج مغرب کی اقتصادی لائف لائن تھا۔ لہذا امریکہ نے اس کا دفاع کیا تھا۔ پھر پاکستان کے علاوہ چین کے افغانستان کے قدرتی معدنیات  کے ذخائر میں بھی انویسٹمینٹ کے بڑے اقتصادی سمجھوتے ہیں۔ لہذا افغانستان میں چین کا اثرورسوخ زیادہ اہم ہو گا۔ پاکستان کو اس وقت صرف چین کے اقتصادی منصوبوں کی تکمیل پر توجہ دینا چاہیے۔ دہشت گردی کی Torture جنگ سے اب چھٹکارا حاصل کرنا چاہیے۔ 36 سال سے پاکستان افغانستان کی دلدل میں دھنسا ہوا ہے۔ اور ملا کیا ہے صرف امریکہ کے ڈرون اور گالیاں مل رہی ہیں۔ افغانستان کا سر درد اب بھارت کو دے دیا جا ۓ۔                    

Saturday, May 28, 2016

The American President Is A Weapons Salesman Who Markets War

The American President Is A Weapons Salesman Who Markets War

مجیب خان 
President Obama visits Vietnam and removes the decades-long arms embargo

G.C.C. Officials meet with U.S. Officials
   
       ویت نام کی کمیونسٹ حکومت کے ساتھ امریکہ نے 1995 میں تعلقات بحال کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اور تعلقات بحال ہونے کے  پانچ سال بعد صدر بل کلنٹن پہلے امریکی صدر تھے جنہوں نے 2000 میں ویت نام کا دورہ کیا تھا۔ اور اب 16 سال بعد صدر اوبامہ ویت نام کے تین روزہ دور پر آۓ ہیں۔ حکومت کی یا کمیونسٹ پارٹی کی کوئی اعلی شخصیت صدر اوبامہ کا استقبال کرنے ایرپورٹ نہیں آئی تھی۔ ایک 25 سالہ لڑکی نے صدر اوبامہ کو ایرپورٹ پر پھولوں کا گلدستہ پیش کیا تھا۔ اور حکومت نے  دفتر خارجہ کے دوسرے درجہ کے چند افسر ایرپورٹ بھیجے تھے۔ 2000 میں صدر بل کلنٹن جب ویت نام آۓ تھے اس وقت ہنوئی میں امریکہ کے سفیر نے ایرپورٹ پر ان کا استقبال کیا تھا۔ کمیونسٹ پارٹی کا یہ پروٹوکول شاید اس لئے تھا کہ ویت نام جنگ انہوں نے جیتی تھی۔ کمیونسٹ پارٹی، حکومت اور فوج میں ابھی Old Guards  موجود ہے جو ویت نام جنگ ابھی بھولے نہیں ہیں۔ ویت نام دو نسلوں میں تقسیم ہے ایک ویت نام جنگ کی نسل ہے اور دوسری ویت نام جنگ ختم ہونے کے بعد کی نسل ہے۔ پہلی نسل کے سامنے ویت نام جنگ کی یادیں ابھی زندہ ہیں۔ دوسری نسل اسے  با خوبی سمجھتی ہے۔ اس نسل کے ذہین میں سوال یہ ہو گا کہ ان کے بڑوں نے دنیا کی اتنی بڑی طاقت کو شکست کیسے دی تھی؟ دوسرے دن صدارتی محل میں صدر اوبامہ کا ویت نام کے صدر نے خیر مقدم کیا تھا۔ اور صدر اوبامہ کو گارڈ آف آنر دیا گیا تھا۔ اس موقع پر کمیونسٹ پارٹی کے اعلی حکام بھی موجود تھے۔ جن کے سر فخر سے بلند تھے۔ کہ امریکہ نے ان کے آگے دوستی کا ہاتھ بڑھایا ہے۔
       صدر اوبامہ ایسے حالات میں ویت نام گیے تھے۔ کہ جب ان کی تھالی دنیا بھر کے تنازعوں جنگوں اور خانہ جنگیوں سے بھری ہوئی تھی۔ اور ویت نام جنگ کے بعد سے ابھی تک امریکہ کو کسی جنگ میں کامیابی نہیں ہوئی ہے۔ افغان اور عراق جنگ بھی امریکہ کے لئے ویت نام جنگ ثابت ہوئی ہے۔ اور ویت نامی بھی یہ دیکھ رہے ہیں۔  شام اور لیبیا ویت نامیوں کے ذہن میں لاؤس اور کمبوڈیا کا احساس دلا رہے  ہوں گے۔ ویت نامیوں نے بھی بڑی خوفناک اور خونی جنگ لڑی تھی۔ ویت نام بھی بالکل تباہ ہو گیا تھا۔ اس جنگ میں تقریباً دو ملین ویت نامی مارے گیے تھے۔ اور 58 ہزار امریکی فوجی مارے گیے تھے۔ تقریباً اتنی ہی بڑی تعداد میں امریکی فوجی زخمی ہوۓ تھے جو ابھی تک ویت نام جنگ کے زخموں کے ساتھ زندہ ہیں۔ جنگ کے بعد ویت نام کی تعمیر نو اس طرح کی گئی ہے کہ ویت نام کی ہر نسل اس جنگ کو کبھی بھلا نہیں سکے گی۔ ہنوئی اور ہوچی من سٹی کی شاہراہوں اور چورنگیوں پر ویت نامی فوج نے امریکہ کے جو ٹینک توپیں بکتر بند گاڑیاں طیارے تباہ کیے تھے۔ انہیں شاہراہوں اور چورنگیوں پر جنگ کی یاد گار کے طور پر کھڑا کیا ہے اور اس کے ساتھ اس کی تفصیل بھی بیان کی گئی ہے۔ صدر اوبامہ کا موٹر کیڈ ہنوئی کی ان شاہراہوں سے گزرا ہو گا اور صدر اوبامہ نے بھی ویت نام جنگ کی یہ یاد گاريں دیکھی ہوں گی۔ ویت نام جنگ جب شروع ہوئی تھی صدر اوبامہ اس وقت تین سال کے تھے۔ صدر اوبامہ سرد جنگ میں پیدا ہوۓ تھے۔ سرد جنگ میں بالغ ہوۓ تھے۔ سرد جنگ میں تعلیم حاصل کی تھی اور اب امریکہ کے صدر ہیں۔ اور دنیا میں اب گرم جنگوں کی کمانڈ کر رہے ہیں۔
       ویت نام کی آبادی کے دو تہائ نوجوان ہیں جو 1975 کے بعد پیدا ہوۓ ہیں۔ اس نسل کے لئے ان کے بڑوں نے جنگ لڑی تھی۔ قربانیاں دیں تھیں۔ آج اس نسل کا مستقبل روشن ہے۔ یہ نسل اقتصادی طور پر مستحکم ہے۔ اور یہ نسل ترقی کی جانب گامزن ہے۔ ویت نام نے تعلیم، سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں جو شاندار ترقی کی ہے صدر اوبامہ اسے سراہا رہے تھے۔ ویت نام کی تعمیر نو کے لئے کسی نے مارشل پلان نہیں دیا تھا۔ ویت نام کی کمیونسٹ حکومت نے ورلڈ بنک اور آئی ایم ایف سے قرضہ نہیں لئے تھے۔ ویت نام کے کمیونسٹوں نے امریکی سامراج سے خود جنگ لڑی تھی۔ اور جنگ میں فتح مند ہونے کے بعد اپنے ملک کو خود تعمیر کیا تھا۔ اقبال کا فلسفہ خودی ویت نامی قوم میں نظر آتا ہے۔ ویت نام آج دنیا کی تیزی سے ترقی کرتی معیشت ہے۔ 1995 میں امریکہ اور ویت نام کے تعلقات بحال ہونے کے بعد دونوں ملکوں میں تجارت 450 ملین ڈالر سے گزشتہ سال45 بلین ڈالر پر پہنچ گئی ہے۔ ویت نام کے ٹیلی ویژن، اسمارٹ فون، کپڑے اور Seafood کا امریکہ ایک بڑا خریدار ہے۔ جبکہ مشینری، آٹوموبیل، کاٹن، پلاسٹک Material اور Animal Feed and Material ویت نام امریکہ سے خریدتا ہے۔
       لیکن امریکہ کو کمیونسٹوں کے خلاف جنگوں سے حاصل کیا ہوا ہے۔ اس وقت امریکہ کی ساری سرمایہ دارانہ ٹریڈ کمیونسٹ ملکوں سے ہو رہی ہے۔ جن میں چین پہلے نمبر پر ہے۔ ویت نام کے ساتھ تجارت کو مسلسل فروغ مل رہا ہے۔ کیوبا کے ساتھ تجارت شروع کی جا رہی ہے۔ امریکی عوام کی زندگیوں میں کمیونسٹوں سے جنگ کرنے یا کمیونسٹوں کے ساتھ تجارت کرنے سے کوئی نمایاں فرق نہیں آیا ہے۔ صدر ریگن جب سوویت کمیونسٹوں سے لڑ رہے تھے تو وہ ہمیشہ یہ کہتے تھے کہ ہم اپنے Children اورGrand Children کے مستقبل اور  آزادی کے لئے یہ جنگ لڑ رہے تھے۔ اور صدر ریگن کے دور میں جو بچے پیدا ہو رہے تھے۔ وہ 20 سال بعد اپنی آزادی سلامتی اور خشحالی کا دفاع کرنے کی جنگ لڑنے عراق اور افغانستان گیے تھے۔ اور وہاں مارے گیے تھے۔ نیویارک ٹائمز نے چار صفحات پر ان امریکی فوجیوں کی تصویریں ان کی پیدائش کی تاریخ اور عمروں کے ساتھ شائع کی تھیں۔ ان میں تقریباً دو تہائ 20 سے 30 کی عمروں میں تھے۔ انہوں نے ابھی دنیا کی خوبصورتی بھی نہیں دیکھی تھی کہ قبرستان ان کی دنیا بن گیا تھا۔ میں 1984 میں ایک امریکی ویت نام Veteran سے ملا تھا۔ جو پچیس چھبیس سال کا تھا۔ اس کے بائیں جانب پلاسٹک کی ایک بوتل لٹکی ہوئی تھی۔ اور ٹیوب اس کے پیٹ سے اس بوتل میں جا رہی تھی۔ میں نے اس سے پوچھا یہ کیا ہے۔ کہنے لگا ویت نام جنگ نے مجھے یہ کینسر دیا تھا۔ جو Agent Orange کی وجہ سے ہوا تھا۔ امریکی فوج نے 1962 سے 1971 کے دوران یہ کیمیائی اسپرے ویت نام میں جنگلوں پر کیا تھا۔ اس کا مقصد جنگلوں کو صاف کرنا اور شمالی ویت نام فوجوں کی فصلیں تباہ کرنا تھا۔ جو دشمن کی فوج کو خوراک دیتی تھیں۔ شمالی ویت نامی گوریلے ان جنگلوں سے امریکی فوج کے خلاف گوریلا جنگ کر رہے تھے۔ بہرحال یہ امریکی ویت نام Veteran علاج کرانے فلوریڈا چلا گیا تھا۔ اور کچھ ماہ بعد اس کی Death ہو گئی تھی۔ آج بھی میں اسے بھولا نہیں ہوں۔ صدر اوبامہ ہنوئی میں گھوم رہے تھے اور یہ ویت نام Veteran میری نگاہوں کے سامنے تھا۔ میرے ذہن میں سوال یہ تھا کہ اس 26 سالہ امریکی نوجوان نے ویت نام کے لئے یہ قربانی دی تھی یا امریکہ کی سیکورٹی کے لئے قربانی دی تھی؟
       اور اب ان حالات میں کہ جب مشرق وسطی میں ایک درجن سے زیادہ جنگیں لڑی جا رہی ہیں۔ امریکہ اب مشرقی ایشیا میں کشیدگی اور فساد کو ہوا دے رہا ہے۔ اور بحر جنوبی چین کے تنازعہ کو ایک بڑی جنگ بنانے کی حکمت عملی پر جیسے کام ہو رہا ہے۔ اس کشیدگی کے لئے جنوبی کوریا اور جاپان کی فوجوں کو مسلح کیا جا رہا ہے۔ امریکہ کے ساتھ ان کی فوجی مشقیں ہو رہی ہیں۔ فلپائن کو امریکہ 50 کے دہائی میں لے آیا ہے۔ اور صدر مار کوس کے دور میں امریکہ کے جو فوجی اڈے تھے وہ اب دوبارہ کھل گیے ہیں۔ فلپائن کی نئی دنیا پرانی تاریخ میں آ گئی ہے۔ فلپائن کی فوج کی بیٹری چارج کی جا رہی ہے۔ اور اسے چین کے خلاف تیار کیا جا رہا ہے۔ اور اب ویت نام کو بھی اس فوجی اتحاد میں شامل کیا جا رہا ہے۔ ویت نام کی بندر گاہ امریکہ کے بحری بیڑے کھڑے کرنے کے لئے  مانگے جا رہے ہیں۔ صدر اوبامہ نے ہنوئی کی زمین پر قدم رکھنے کے چند گھنٹوں بعد ویت نام پر سے ہتھیاروں کی عائد پابندی اٹھانے کا اعلان کیا ہے۔ اور اب ویت نام کو کھربوں ڈالر کے نئے ہتھیار فروخت کیے جائیں گے۔
       کمیونسٹ چین اب ایک جمہوری امریکہ کو سکھاۓ گا کہ جمہوریت میں ہتھیاروں اور جنگوں کا کوئی مقام نہیں ہوتا ہے۔ اور تنازعہ اور اختلافات صرف جمہوری مزاج سے حل کیے جاتے ہیں۔ ہتھیاروں کی زبان استعمال نہیں کی جاتی ہے۔ اس لئے 70 سال سے یورپ میں کوئی جنگ نہیں ہوئی ہے۔ کیونکہ یورپ میں جمہوریت ہے۔ اور یورپ کا ہر ملک جمہوری اصولوں کا پابند ہے۔              

Tuesday, May 24, 2016

In A War-Torn Country "Boots On The Ground" Is Not The Cure

In A War-Torn Country "Boots On The Ground" Is Not The Cure         
The Innocent Iraqi People Are The Victims Of Anglo-American Adventurism

مجیب خان
Baghdad, Iraq Under Saddam's Rule
Iraq Under U.S. Occupation 
Iraq War

Falllujah
         بیرونی فوجی حملہ نے صدا م حسین کو جس دن اقتدار سے ہٹایا ہے۔ اس دن سے عراقیوں کو امن نصیب نہیں ہوا ہے۔ عراق میں کوئی دن ایسا نہیں گزرتا ہے کہ بم نہیں پھٹتے ہیں۔ اور سینکڑوں عراقیوں کا خون اور جسموں کے ٹکڑے بغداد کی سڑکوں پر بکھرے نہیں دیکھے جاتے ہیں۔ اس بیرونی حملہ نے عراق کو عرب دنیا کے وسط میں Wholesale human killing کا سینٹر بنا دیا ہے۔ عراق پر جب اینگلو امریکہ کا قبضہ تھا یہ سلسلہ اس وقت سے جاری ہے۔ پھر نوری الما لکی کو  جمہوری حکومت کا سرٹیفکیٹ دے کر اینگلو امریکی فوجوں نے اقتدار منتقل کر دیا تھا۔ صدر جارج بش نے نوری الما لکی کو عراق کی ہزار سال کی تاریخ میں پہلے شیعہ وزیر اعظم منتخب ہونے کی مبارک باد دی تھی۔ اور اس کے بعد عراق کو 10 بلین ڈالر کا اسلحہ فروخت کرنے کا اعلان کیا تھا۔ جو جنگ عراق میں ہتھیاروں کا خاتمہ کرنے سے شروع ہوئی تھی۔ وہ جنگ اب عراق کو ہتھیاروں سے بھرنے سے جاری تھی۔ نوری الما لکی عراق کے وزیر اعظم بن گیے تھے۔ لیکن بغداد کی سڑکوں اور بازاروں میں عراقیوں کا خون بہنے اور ہلاکتوں کا سلسلہ بھی جاری تھا۔ عراقیوں کی ہلاکتوں کی ذمہ دار اب یہ حکومت  تھی۔
        اس وقت تک عراق میں اقوام متحدہ کے ان ہلاکتوں کے بارے میں جو اعداد و شمار ہیں۔ ان کے مطابق 500،000 عراقی مارے گیے تھے۔ جبکہ گزشتہ دو سالوں میں 18،802 عراقی شہری ہلاک ہوۓ تھے۔ اور صرف گزشتہ ہفتہ بغداد میں بموں کے دھماکوں میں 200 عراقی ہلاک ہوۓ تھے۔ صدا م حسین کے 35 سال دور اقتدار میں کبھی ایسی ہلاکتیں نہیں دیکھی گئی تھیں۔ ٹھیک ہے، مغرب کی نگاہوں میں صدا م حسین بہت برے انسان تھے۔ انہوں نے صرف  حکومت کے مخالفین مارے تھے۔ انہوں نے عراق میں ابو غریب جیل اور گوتا نوموبے نظر بندی کیمپ بھی قائم کیے تھے۔ اور یہاں حکومت کے مخالفین کو اذیتیں دی  تھیں۔ لیکن صدا م حسین نے عراقی آبادی کے ایک چھوٹی سیاسی اپوزیشن کے ساتھ زیادتیاں کی تھیں۔ جو صدا م حکومت کے خلاف تھی۔ تاہم صدا م حسین کے عراق میں شیعاؤں کو امریکہ کے خلیجی اتحادیوں بحرین، کویت اور سعودی عرب میں شیعاؤں سے زیادہ حقوق دئیے  تھے۔ حکومت کے اداروں میں انہیں مساوی طور پر بھرتی کیا جاتا تھا۔ پھر دوسری طرف عراق کو امن اور استحکام بھی دیا تھا۔ عراقیوں کو اقتصادی مواقع فراہم کیے تھے۔ عراقی بچوں کو تعلیم دی تھی۔ انہیں سائنس دان بنایا تھا۔ انہیں ڈاکٹر بنایا تھا۔ انہیں انجنیئر بنایا تھا۔ انہیں ادب اور ثقافت میں دانشور بنایا تھا۔ انہیں اقتصادی ماہر بنایا تھا۔ انہیں معاشی خوشحال ہونے کا ہنر دیا تھا۔ جارج بش اور ڈک چینی سنو- صدا م حسین نے اپنے نوجوانوں کو تعلیم دی تھی۔ اور انہیں معاشرے کا مہذب انسان بنا یا تھا۔ صدا م حسین کے دور میں یہ ترقی ہوئی تھی۔ 70 اور 80 کے دور میں بغداد میں جو امریکی سفیر تھے وہ اس کی تصدیق کر سکتے  ہیں۔ صدا م حسین کے 35 برس دور اقتدار میں  صدا م حسین نے دہشت گرد نہیں بناۓ تھے۔ عراقی فلسطینیوں کے ساتھ اسرائیل کے خلاف لڑنے نہیں جاتے تھے۔ امریکہ کی پراپگنڈہ مشین خواہ کتنا ہی جھوٹ بولے۔ لیکن اصل حقائق تاریخ بتاتی ہے۔ اور دنیا کی بڑی سے بڑی فوجی طاقت بھی تاریخ میں حقائق تبدیل نہیں کر سکتی ہے۔
       عراق پر اینگلو امریکہ کے فوجی قبضہ کے بعد عراق میں تعلیمی اداروں پر تالے ڈال دئیے گیے تھے۔ عراقی حکومت کے جہاں دوسرے اداروں کو ختم کر دیا گیا تھا وہاں یونیورسٹیوں کالجوں اور اسکولوں کے اساتذہ اور پروفیسروں کی ملازمتیں بھی ختم کر دی گئی تھیں۔ پروفیسر انجنیئر ڈاکٹر دانشور عراق سے چلے گیے تھے۔ یا ان کی لاشیں کھائیوں میں پڑی ملتی تھیں۔ ان کی آنکھوں پر پٹیاں بندھی ہوتی تھیں۔ ان کے ہاتھ پیچھے بندھے ہوتے تھے۔ آج دنیا کو داعش کے کرائم بتاۓ جا رہے ہیں۔ لیکن ان کرائم کی کوئی بات نہیں کرتا ہے کہ اینگلو امریکہ کے فوجی قبضے میں یہ کرائم کس نے کیے تھے؟ ہزاروں اور لاکھوں عراقیوں کا روز گار چھین لیا گیا تھا۔ لوگ جب غریب ہو جاتے ہیں یا بے روز گار ہوتے  ہیں تو کرائم کرنے لگتے ہیں۔ اور دہشت گردی ان کی پہلی ترجیح ہوتی ہے۔ عراق میں القاعدہ کا کوئی وجود نہیں تھا۔ کوئی دہشت گرد نہیں تھا۔ یہ عراق پر اینگلو امریکہ کے فوجی قبضہ کی ایجاد تھے۔ اس فوجی قبضہ میں عراقیوں نے IED ایجاد کیا تھا۔ عراقیوں نے بموں کے دھماکہ کرنا سیکھا تھا۔ دہشت گرد اور انتہا پسند بننا سیکھا تھا۔ اینگلو امریکہ نے عراقی معاشرے کو مذہبی فرقہ پرستی کی نفرتوں میں تقسیم کر دیا تھا۔ پہلے شیعہ ملیشیا سنیوں کے خلاف بناۓ تھے۔ پھر سنی ملیشیا شیعاؤں کے خلاف بناۓ تھے۔ اینگلو امریکی فوجی قبضہ نے ابو مصاب الزرقاوی اور ابو ایوب الاماصری پیدا کیے تھے۔ عراقیوں کو مہدی آرمی دی تھی۔ صدر جارج بش نے عراق پر جس طرح حکومت کی تھی۔ وزیر اعظم نوری الما لکی  اور اب وزیر اعظم حیدر الا عابدی بھی اسی طرح حکومت کر رہے ہیں۔ 10 بلین ڈالر کے ہتھیار جو امریکہ سے خریدے تھے اب وہ  عراقیوں کے خلاف استعمال ہو رہے تھے۔ ان میں سے شاید ایک بلین ڈالر کے ہتھیار داعش لے گیے ہیں۔ عراق میں داعش کی ایجاد بھی اینگلو امریکی فوجی قبضہ کا تسلسل ہے۔ انہیں اب یہ کہتے شرم آتی ہے کہ داعش تو صدا م حسین سے زیادہ خطرناک ہے۔
       عراق میں 2003 سے 2011 کے دوران انسرجنسی کے خلاف اینگلو امریکی فوجوں نے تقریباً 500 آپریشن کیے تھے۔ ان میں Operation Option North and Operation Bayonet Lightning in Kirkuk, Operation Desert Thrust, Operation Abilene and Operation All American Tiger throughout Iraq, Operation Iron Hammer in Baghdad and Operation Ivy Blizzard in Samarra- all in 2003;Operation Market Sweep, Operation Vigilant Resolve and Operation Phantom Fury in Fallujah in 2004;Operation Matador in Anbar, Operation Squeeze Play and Operation Lightning in Baghdad, Operation New Market near Haditha, Operation Spear in Karbala and the Battle of Tal Afar- all in 2005;Operation Swarmer in Samarra and Operation Together Forward in Baghdad in 2006; and Operation Law and Order in Baghdad, Operation Arrowhead Ripper in Baqouba and Operation Phantom Strike throughout Iraq- all in 2007.
        یہ آپریشن ‏عراق میں صرف 9 سال کے عرصہ میں ہوۓ تھے۔ اور یہ سب فیل آپریشن تھے۔ جس کے بعد داعش وجود میں آئی تھی۔ اس کو وجود میں لانے میں کون سے ہاتھ تھے؟ داعش کو منظم کس نے کیا تھا؟ داعش کو فوجی گاڑیاں کس نے فراہم کی تھیں؟ جیسا کہ امریکی میڈیا میں یہ بتایا گیا تھا کہ داعش 50 سے 60 ہزار لوگوں کی فوج تھی۔ اس کا ایک انٹرنیٹ نیٹ ورک بھی تھا۔ داعش کا موصل اور فلوجہ پر قبضہ ہے۔ جو سنی اکثریت کے شہر ہیں۔ اور شام میں Aleppo اور Raqqa داعش کے کنثرول میں ہیں۔ ان علاقوں پر قبضہ مضبوط  کرنے کے بعد اسے عراق اور شام سے کاٹ کر یہاں داعش کا اسلامی خلافت قائم کرنے کا منصوبہ تھا۔ لیکن یہ منصوبہ کس نے دیا تھا؟ امریکہ کے قریبی خلیجی اتحادی اور ترکی عراق میں امن اور شام کے استحکام میں اتنی دلچسپی نہیں رکھتے ہیں جتنی دلچسپی انہیں صدر بشر السد کو اقتدار سے ہٹانے میں ہے۔ حالانکہ صدر بش کی عراق میں صدا م حسین کو اقتدار سے ہٹانے کی دلچسپی کے نتائج بھی ان کے سامنے ہیں۔ امریکہ تو ہر صورت حال کو اپنے مقاصد میں Exploit کرنا جانتا ہے۔ صدا م حسین کو اقتدار سے ہٹانے سے پہلے کے حالات کو بھی امریکہ نے اپنے مقاصد میں Exploit کیا تھا۔ اور صدا م حسین کو اقتدار سے ہٹانے کے بعد جو صورت حال پیدا ہوئی ہے۔ اسے بھی امریکہ اپنے مفاد میں Exploit کر رہا ہے۔
       عراق میں جن سنیوں کو امریکہ پر غصہ تھا وہ داعش میں شامل ہو گیے تھے۔ اور امریکہ میں جنہیں دونوں پارٹیوں پر غصہ ہے وہ ڈونالڈ ٹرمپ کے ساتھ شامل ہو گیے ہیں۔ یا برنی سینڈر کے ساتھ ہیں۔ حالات کو جنگوں میں رکھنے کی ایک حد ہوتی ہے۔ اور اس کے بعد لوگ پھر جنگوں کے خلاف بغاوت پر اتر آتے ہیں۔ اور لوگ اب ہر طرف  بغاوت کے موڈ میں نظر آتے ہیں۔